بھارت میں اقلیتوں کو بے دردی سے نشانہ بنایا جارہاہے، علی رضا سید، یورپی تشویش کی حمایت

May 31, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل یورپ (کے سی ای یو) علی رضا سید نے بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی تشویش کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی چیئرپرسن مس ماریا ارینا نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاء کو ایک خط کے ذریعے بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں خصوصاً اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک پر تشویش ظاہر کی ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی سربراہ کے اس اقدام (خط) کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت نے ساتھ دہائیاں قبل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا آغاز مقبوضہ کشمیر سے کیا اور آج پورا ہندوستان بھارتی متعصبانہ مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کا نشانہ بن رہا ہے۔ خاص طور اقلیتوں کو بڑی بے دردی سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کرنا ہوگا جہاں بھارت اس وقت کرونا وائرس کی آڑ میں مظوم کشمیریوں کو مزید دبا رہا ہے۔ علی رضا سید نے یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کی چیئرپرسن کی طرف سے کروناوائرس کے موجودہ بحران میں اقوام متحدہ کی اپیل کا حوالہ دے کر ضمیر کے قیدیوں کی فوری رہائی کے مطالبے کو بھی سراہا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ خاص طور عالمی فورموں پر ہماری سفارتی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس بارے میں ہم نے حالیہ دنوں انسانی حقوق کی تنظیموں، یورپی حکام اور اقوام متحدہ کے عہدیداروں کو خطوط لکھے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کے حالیہ سالوں کے دوران بیانات اور رپورٹس اور اب یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کے اس خط سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے حالات کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں ملوث بھارتی حکام عالمی عدالت کا سامنا کررہے ہوں گے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد نازی مظالم میں ملوث افراد عالمی عدالت کا سامنا کرسکتے ہیں تو پھر بھارتی حکام کیوں نہیں عدالت کے کٹہرے میں آسکتے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث بھارتی حکام کے خلاف ایک دن ضرور عدالت برپا ہوگی۔ چئیرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کو انصاف ملنے تک اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔