ڈبلیو ایچ او سے تعلقات توڑنے پر جرمنی کی امریکا پر کڑی تنقید

May 31, 2020

واشنگٹن، برسلز(جنگ نیوز) ڈبلیو ایچ او سے تعلقات توڑنے پر جرمنی کی امریکا پر کڑی تنقید ، امریکی سینیٹ ہیلتھ کمیٹی کی بھی وارننگ، یورپی یونین کاکہنا ہےکہ ٹرمپ فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ تفصیلات کےمطابق جرمنی نے امریکی صدر ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت سے تعلقات منقطع کرنے کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے،جرمن وزیر صحت جینس سپھن کا کہنا ہے کہ یہ ’مایوس کن‘ اور عالمی صحت کے لیے ایک دھچکا ہے۔ادھر امریکی سینیٹ کی ہیلتھ کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے عالمی ادارہ صحت سے تعلقات ختم کرنے سے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے کلینکل ٹرائلز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریپبلکن سینیٹر لامر الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ امریکا میں وائرس کی روک تھام کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا اب مشکل ہوسکتا ہے،عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے سلسلے میں جو غلطیاں کی ہیں ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے لیکن ایسا کرنے کا وقت اس بحران سے نمٹنے کے بعد ہے، اس کے دوران نہیں۔