دل تو ٹوٹتا ہے اور وہ کسی بھی چیز سے ٹوٹ سکتا ہے،جنید خان

May 31, 2020

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے مشہور گلوکار اور اداکار جنید خان نے کہا ہے کہ انھوں نے والدین کی پسند سے شادی کی۔ پرستار خواتین کے زیادہ پیغامات آتے ہیں تو بیوی وہی بیویوں والی حرکتیں کرتی ہے۔ لیکن وہ پیار سے تنگ کرنے والی ہوتی ہیں۔میں اور میری بیوی ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اس لیے کبھی زیادہ مسئلہ نہیں ہوا۔ انھوں نے یہ بات امریکی نشریاتی ادارے کے انسٹا لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملتان میں جنم لینے والے جنید خان گلوکار کے طور پر سامنے آئے۔ میوزک بینڈ کال نے ان کے دو کامیاب البمز ریلیز کئے۔ اس کے بعد انہیں اداکاری کی پیشکشیں ملنا شروع ہوئیں۔جنید خان نے بتایا کہ انہوں نے انجنئیرنگ کی اور پھر ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے والد کے کہنے پر فوج میں جانے کی بھی کوشش کی، لیکن ناکام رہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسیقی ان کا پہلا جنون ہے۔ جب ان کا دل چاہتا ہے تو وہ میوزک بناتے ہیں جبکہ اداکاری کا اپنا مزہ ہے۔جنید خان پیار میں دل ٹوٹنے کے سوال پر کہا کہ بہت سے راز ہم ساتھ لے کر ہی چلے جاتے ہیں۔ دل تو ٹوٹتا ہے اور وہ کسی بھی چیز سے ٹوٹ سکتا ہے۔ وہ قہقہ لگا کر بولے کہ مجھے این سی اے میں داخلہ نہیں ملا۔ اس سے بھی میرا دل ٹوٹا۔جنید خان لگ بھگ دو ماہ سے اپنے خاندان کے ساتھ سماجی دوری میں ہیں۔ انہوں نے کرونا وائرس اور طیارے کے حادثے کی وجہ سے سادگی سے عید منائی۔