پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے تیاریوں میں مصروف

May 31, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے تیاریوں میں مصروف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے۔آئندہ ہفتے دورے کے کیمپ کے لئے تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔کورونا وائرس کے بعد انگلینڈ پہلا ملک ہوگا جہاں پہلے ویسٹ انڈیز اور پھر پاکستان کی ٹیم دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان قومی ٹیم کے دورہ ٔانگلینڈ پر مشاورت جاری ہے جس میں طبی پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا ۔پی سی بی جون کے پہلے ہفتے میں ٹریننگ کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ، کیمپ میں سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور ایمرجنگ کیٹگری کے 3 کھلاڑی شامل ہوں گے ، اس کے علاوہ کسی بھی فارمیٹ میں قومی ٹیم کے رکن کو بھی کیمپ میں بلایاجائے گا ۔کیمپ میں کھلاڑیوں ، سپورٹ اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کو ایک جگہ رکھنا پی سی بی کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اور دیگر متعلقہ حکام یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ماحول میں کتنے کھلاڑیوں کو رکھنامناسب ہوگا،رہائشی سہولیات ناکافی ہونے پر متبادل انتظام کیا ہوگا۔