پی سی بی نے شکیل شیخ سے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں

May 31, 2020

پی سی بی نے شکیل شیخ سے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے سابق رکن گورننگ بورڈ اور ایڈوائزر ڈومیسٹک شکیل شیخ سے اخراجات کی تفصیلات معلوم کرنے کےلیے انہیں نوٹس بھجوا دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور نجم سیٹھی کی چیئرمین شپ کے دوران مشیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھانے والے شکيل شيخ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوٹس جاری کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک قانونی فرم کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں ایک کروڑ چاليس لاکھ روپے فنڈز کی مد ميں وصول کيے جانے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ شکیل شیخ کی سرپرستی میں قائم کردہ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ کا کمرشل استعمال ہوا ہے اور الزام ہے کہ گراؤنڈ کی فیس کے نام پر بھاری رقم وصول کی گئی ہے، اس دوران شکیل شیخ نے پی سی بی اور سی ڈی اے سے طے شدہ معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

نوٹس میں یہ بھی درج ہے کہ شکیل شیخ نے بطور مشیر سابق چیرمین پی سی بی سے لاکھوں روپے وصول کیے ہیں۔

نوٹس میں درج الزامات پر شکیل شیخ سے وضاحت طلب کی گئی ہےاور جواب بھی مانگا گیا ہےکہ جو رقم انہوں نے حاصل کی اس کے نتائج میں کیا حاصل کیا گیا ؟

شکیل شیخ سے دبئی کے دوروں اور ان کے اخراجات و دیگر میٹنگز اور ان پر آنے والےاخراجات اور اس کے آؤٹ کم کے بارے میں بھی پوچھا گیا ہے۔