کرکٹ میچز فلمی کہانیوں کی طرح فکس ہوتے ہیں، بکی سنجیو چاؤلا

June 01, 2020

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی بکی سنجیو چاولہ نے دعویٰ کیاکہ کوئی بھی کرکٹ میچ ایمانداری سے نہیں کھیلا جاتا، فلمی کہانیوں کی طرح سب ہی فکس ہوتے ہیں۔

دہلی پولیس کو بیان میں 20 سالہ طویل تعاقب کے بعد بھارتی پولیس کے ہاتھ لگنے والے بکی سنجیو چاؤلہ نے کہا کہ لوگ جو بھی کرکٹ میچ دیکھتے ہیں وہ سب فکس ہوتے ہیں، بہت ہی بڑا انڈر ورلڈ مافیا تمام مقابلوں پر اثرانداز ہوتا ہے، یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے کسی فلم کی کوئی ڈائریکشن دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے پرانے دوست کمار، کلارا اور دارا بھی میچ فکسنگ میںملوث رہے ہیں۔1993 میں انگلینڈ منتقل ہوا تھا، مہنگے علاقوں میں دکانوں کا مالک ہوں۔سارے کھیل کے پیچھےطاقت ور مافیا ہے، مزید تفصیل بیان نہیں کرسکتاکیونکہ ساتھ کام کرنے والے انڈرورلڈ کے لوگ قتل کراسکتے ہیں ۔

دوسری جانب اسپیشل سی پی کرائم پراویررانجن نے کہاکہ چونکہ معاملہ زیرتفتیش ہے کوئی معلومات شیئر نہیں کرسکتے۔

یاد رہے کہ 2000ء میں بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ میچ کو فکسڈ کرانے کے ذمہ دار سنجیو چاؤلہ کے ساتھ سابق جنوبی افریقی کپتان ہنسی کرونئے بھی ملوث تھے ۔