کورونا کیسز 60 لاکھ، ابوظہبی ایک ہفتے کیلئے سیل، افغانستان میں ہنگامی صورتحال کا انتباہ

June 01, 2020

پیرس، لندن ،واشنگٹن( اے ایف پی،جنگ نیوز) کورونا کیسز60لاکھ،ابوظہبی ایک ہفتے کیلئے سیل،افغانستان میں ہنگامی صورتحال کا انتباہ،امریکا میں مزید ایک ہزار اموات، دنیا بھر میں تعداد 3 لاکھ 71ہزار ہوگئی،بنگلہ دیش نے لاک ڈاؤن ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے تقریباً 198ممالک و خطوںا ور جزائر میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک 61لاکھ سے زائدافراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 71ہزار سے تجاوز کرگئی ہےاور وائرس سے 27 لاکھ 59 ہزار مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں،صرف امریکامیں 24گھنٹےکےدوران مزید 960 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، امریکا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 103,758ہوگئی ہے جبکہ اب تک1,769,776کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔ادھر متحدہ عرب امارات نے دارالحکومت ابو ظہبی کے محاصرے کا اعلان کردیا جس کے بعد ایک ہفتے تک کوئی بھی ابوظہبی میں داخل نہیں ہوسکے گا۔غیرملکی خبررساں ادارےکے مطابق مذکورہ اقدام کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے لیا گیا،حکام کے مطابق یو اے ای کے رہائشی ابوظہبی سے دبئی بغیر اجازت نامہ سفر نہیں کرسکیں گے۔افغانستان کی وزارتِ عوامی صحت نے ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرنے پر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے خبردار کیا ہے۔وزارتِ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے کوڈ 19 کے نصف سے زائد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں،ان میں سے بھی نصف دارالحکومت کابل میں ہیں جو ملک کا سب سے زیادہ متاثر علاقہ ہے،نائب وزیرِ صحت واحد مجروح نے سخت لاک ڈاؤن واپس نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔نائب وزیر کا کہنا ہے کہ وائرس اس لیے تیزی سے پھیل رہا ہے کیونکہ لوگ سماجی دوری کے قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ادھربنگلہ دیش نے کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن ختم کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارےکے مطابق لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد دور دراز علاقوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں نے اپنے جائے کار کے لیے سفر کرنا شروع کردیا،محکمہ صحت کی ترجمان نسیمہ سلطانہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن اٹھا لیا گیا ہے اور ہم تقریباً اپنی معمول کی زندگی کی طرف گامزن ہیں،انہوں نے کام پر واپس آنے والوں سے ماسک پہننے اور معاشرتی فاصلے دیکھنے کا مطالبہ کیا۔ ہفتے کو برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد اسپین سے تجاوز کر گئی تھی اوراتوار کو یہاں ہلاکتوں کی تعداد فرانس سے بھی زیادہ ہوگئی ۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برازیل میں اب تک 28 ہزار 834 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، یہاں اب متاثرین کی تعداد دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہے،یہ اس بات کی علامت ہے کہ یورپ اور ایشیا سے متعدد خطرناک علامتوں کے باوجود ملک وائرس پر قابو پانے میں کیسے ناکام رہالیکن یہ یاد دہانی ضروری ہے کہ برازیل کی آبادی 20 کروڑ سے زیادہ ہے اور یہاں مغربی یورپ کے کئی ممالک سے زیادہ لوگ بستے ہیں۔یہاں اسپین میں 3ماہ میں پہلی بار ایک دن میں کورونا کے سب سے کم کیس ریکارڈ کیے گئے،اتوار کو اسپین میں کورونا کے 96 نئے کیس اور دو اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔دوسری جانب برطانیہ کہ محکمہ صحت اور سماجی تحفظ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار ہونے والے مزید 113 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جس کے بعد یہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہزار 489 ہوگئی ہے۔ہلاکتوں کی یہ تعداد سنیچر شام پانچ بجے تک ریکارڈ کی گئی ہیں۔حکومت نے یہ بھی بتایا کہ ایک لاکھ 15 ہزار 725 ٹیسٹ کیے گئے یا ٹیسٹنگ کٹس لوگوں کو بھیجی گئی ہیں جن میں 1936 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ایک مرتبہ پھر حکومت یہ واضح طور پر بتانے میں ناکام رہی کہ کتنے لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ایران میں حکام نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2516 نئے متاثرین کی اطلاع دی ہے جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 466 ہوگئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 63 متاثرین ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اموات کی کُل تعداد سات ہزار 797 ہوگئی ہے۔