سعودی شوریٰ کونسل، مرد سرپرست کے بغیر خواتین کو شادی کی اجازت کی تجویز مسترد

June 01, 2020

ریاض(جنگ نیوز)سعودی شوریٰ کونسل نے مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر خواتین کو شادی کی اجازت دینے کی تجویز مسترد کردی۔ عرب میڈیا کےمطابق سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کی جوڈیشل کمیٹی نے کونسل کی ایک خاتون رکن کی طرف سے پیش کردہ اس تجویز کو مسترد کردیا جس میں خواتین کو کسی مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر شادی کرنے کی اجازت دینے کیلئے کہاگیاتھا۔ ال ریاض کی ایک رپورٹ کے مطابق، اقبال دارنداری کی تجویز میں وزارت انصاف سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ سپریم جوڈیشل کونسل کے ساتھ مل کر ضروری قوانین میں ترمیم کرے اور بالغ خواتین کو اپنے طور پر اپنے ساتھی سے شادی کرنے کی اجازت دی جائے۔کونسل ، جو مملکت کا باضابطہ مشاورتی ادارہ ہے ، نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے لئے مرد سرپرست کی موجودگی ایک اہم قانونی شرط ہے۔