جعلی ڈومیسائل منسوخ کرانے کیلئے مختلف شہروںمیں احتجاجی مظاہرے

June 01, 2020

سکھر+اوباڑو+پنوعاقل(بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران)جعلی ڈومیسائل منسوخ کرانے کیلئے مختلف شہروںمیں احتجاجی مظاہرے، سکھر یوتھ ایکشن کمیٹی سندھ کے زیر اہتمام دریائے سندھ پر بھاشا ڈیم کی تعمیر اور جعلی ڈومیسائل بنائے جانے کیخلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ دیا گیا، مظاہرین نے مطالبات کے حق میں نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر نواز گھانگھرو، نصر اللہ کلادی، حمزہ علی چانڈیو، حکیم گھانگھرو، غلام مصطفی پھلپوٹو ودیگر نے کہا کہ سندھ کے ساتھ مزید زیادتیاں کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، سندھ کو اس کے جائز حقوق دیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔اوباڑو جعلی ڈومیسائیل کو کینسل کرنے کے لئےنیشنل پریس کلب کے سامنے سیاسی سماجی تنظیموں سول سوسائٹی، شہری ایکشن کمیٹی مقامی بے روزگار نوجوانوں نے مبینہ طور پر ضلع گھوٹکی سمیت دیگر اضلاع کے سرکاری دفاتر سے جاری ہونے والے جعلی ڈومیسائل کو کینسل کرنے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین یاسر محمود کھوسو، ایڈوکیٹ عبد الفتح سموں، میر ارشاد رند و دیگر کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی کے لوگوں نے سندھ سے جعلی ڈومیسائل بنوا کر سندھ کی عوام کے حقوق پر قبضہ کیا ہوا ہے مظاہرین نے مطالبہ کیا فوری طور پر جعلی ڈومیسائل کینسل کئے جائیں ۔ پنوعاقل پنوعا قل میں بھی پنجاب و دیگر صوبوں کے افراد کو سندھ میں غیر قانونی طور پر ڈومیسائل بنانے کے خلاف سول سوسائٹی ،طلباء کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے کی قیادت پرویز جتوئی،حزب اللہ سمائر،منیب انڈ ھڑ،راجا جمیل کلہوڑو و دیگر کر رہے تھے ۔ خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ سندھ میں دیگر صوبوں کے افراد کو ایک سازش کے تحت ملازمتوں سمیت دیگر سہولتوں سے نوازا جا رہا ہے۔تلہار ضلع بھر میں جعلی ڈومیسائیل بننے کے خلاف تلہار کے نوجوان سماجی افراد سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ سندھ پر باہر کے افراد نے آکر جعلی شناختی کارڈ اور ڈومیسائیل بناکر سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور سندھ کے تعلیم یافتہ نوجوان ملازمتوں سے محروم ہوکر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔کنری جئے سندھ قومی محاذ کے کارکنوں نے سندھ میں غیر سندھیوں کی آبادکاری و جعلی ڈومیسائل جاری کرنے کے خلاف اللہ والا چوک سے ریلی نکالی اور پریس کلب کنری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔