بلدیاتی ادارے ختم کرنے کی تیاری، کسی بھی وقت ایڈمنسٹریٹ تعینات ہوجائینگے

June 01, 2020

کراچی(طاہر عزیز…اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کی تیاری کر لی کسی بھی وقت صوبے بھر کی یونین کونسل، یونین کمیٹی، ٹائون کمیٹی، میونسپل کمیٹی، میونسپل کارپوریشنوں کے عوامی نمائندوں کو گھر بھیج کر ایڈمنسٹریٹرز تعینات کردئیے جائیں گے۔

باخبر ذرائع نےبتایا کہ محکمہ بلدیات سندھ نے عید سے قبل ہی وزیراعلی سے سمری کی منظوری سمیت دیگر تمام قانونی کارروائی مکمل کر لی تھی تاہم محکمہ بلدیات نے کورونا وائر س کے باعث کارروائی روک دی تھی کیونکہ وائرس کے تدارک میں بلدیاتی اداروں سے بھی کام لیا جانا تھا تاہم اب صورتحال کافی واضح ہوچکی ہےمحکمہ بلدیات سندھ کی یہ دلیل ہے کہ میئر اوراضلاع کےچیئر مینوں کا الیکٹرول کالج یوسیز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین تھے ۔

انہیں عوام نے براہ راست ووٹوں سے منتخب کیا تھا اور انہوں نے اپنے عہدوں کے حلف فروری2016 میں لے لئے تھےاس طرح ان کی چار سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے جس کی تصدیق حکومت سندھ کا لاڈپاپارٹمنٹ بھی کر چکا ہے ۔

واضح رہےمیئر اور میونسپل کونسلوں کےچیئر مین براہ راست عوام کے ووٹوں سے منتخب نہیں ہوئے ہیں تازہ اطلاعات کے مطابق حکومت سندھ ان دنوں وفاقی حکومت سے جاری سیاسی محاز آرائی کے باعث بلدیاتی اداروں کو ختم کرنےکے نوٹیفیکشن جاری کرنے سے گریزاں ہے اور کسی مناسب دن کے انتظار میں ہےجیسے ہی اسے وفاقی حکومت سےکوئی مثبت سگنل ملا بلدیاتی اداروں کے خاتمے کا نوٹیفیکشن اگلے دن ہی جاری ہو جائے گا۔

اس وقت کراچی اور سندھ میں پی ٹی آئی کے نمائیندوں کی بلدیاتی اداروں میں تعداد کم ہے اس لئے پی ٹی آئی کی جانب سے کسی زیادہ احتجاج کا امکان کم ہے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کا ردعمل سخت ہو سکتا ہےکیونکہ کراچی اور حیدرآباد میں اس کے بلدیاتی نمائیندوں کی اکثریت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ بلدیاتی اداروں کے موجودہ نمائیندں کوکو آئیندہ مالی سال کے بجٹ پیش کرنے سے قبل فارغ کرنا چاہتی ہے اور ان کی جگہ ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دئے جائیں گےہو سکتا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو زمہ داریاں سونپ دی جائیں۔

دوسری جانب میئرز ،چیئرمینوں اوربلدیاتی نمائیندوں نے بھی اپنے معاملات تیزی سے سمیٹنا شروع کر دئے ہین فنڈز نہ ہونے کے باوجود نئےترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز تیزی سے کئی جارہےہیں سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے افسران پسند کی پوسٹیں لے رہے ہیں جبکہ نئی بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں اطلاعات کے مطابق میونسپل اور ٹائون کمیٹی کے چیئرمینوں کی جگہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے گا۔

ضلعی کونسل اور ضلعی میونسپل کارپوریشنوں کے چیئرمینوں کی جگہ اس ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کو چارج دیا جائے گا جبکہ شہری علاقوں کی میونسپل کارپوریشنز میں کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کی بھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

یونین کونسلوں اور یونین کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کا اختیار مختیارکاروں کو دیا جائے گا سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے بڑے پیمانے پر چیف میونسپل آفیسرز، ٹائون آفیسرز اور چیف آفئسرز کے تبادلوں اور تعیناتیوں کا عمل مکمل کرلیا ہے۔