شہزاد اکبر خود پر اٹھے سوالات کے جواب دیں، حسن نثار

June 01, 2020

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر عوامی عدالت میں اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کے جواب دیں،شوگر اسکینڈل رپورٹ مجھے مضحکہ خیز لگ رہی ہے،تیسری فورس آگئی ہے لیکن یہ پہلی اور دوسری فورس جیسی ہی ثابت ہورہی ہے۔

حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار کی بے حرمتی اور ا ن کا جسد خاکی نکالنے والے انسان نہیں تھے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔حسن نثار کا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے بھی فوج ہی نپٹے گی سیاسی حکمرانوں کے پاس کچھ بھی نہیں ہے، ٹڈی دل سے دہشتگردی اور قدرتی آفات سے ملک کے امن و امان تک ہر کام فوج ہی کرتی ہے۔

یہاں امرت دھارا فوج ہے تو سیاسی گند کس مرض کی دوا ہے۔حسن نثار نے کہا کہ پاکستانی عوام نے کبھی ٹریفک سگنل، ووٹ کے استعمال، ملاوٹ کرنے سمیت کسی چیز کو سنجیدہ نہیں لیا تو کورونا کو کیسے سنجیدہ لے گی، حکومتوں کا بنیادی چیلنج عوام کی انسان سازی کرنا ہوتا ہے جس میں ہماری حکومتیں ناکام ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے شہزاد اکبر سے سوالات پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شہزاد اکبر کہتے ہیں جج صاحب کے سوالوں کے جواب عدالت میں دوں گا، شہزاد اکبر جب دوسروں سے سوال پوچھتے ہیں تو خود جواب مانگتے ہیں، شہزاد اکبر بھی عوام کی عدالت میں اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کے جواب دیں۔

شوگر اسکینڈل رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شوگر اسکینڈل رپورٹ مجھے مضحکہ خیز لگ رہی ہے۔شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار کی بے حرمتی اور ا ن کا جسد خاکی نکالنے والے انسان نہیں تھے، یہ گھٹیا ترین، ذلیل ترین اور غلیظ ترین لوگ ہیں کیونکہ قبر تو بندہ دشمن کی بھی نہیں کھودتا ہے۔

حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ جیساآدمی دشمنوں میں بھی ہو تو اس کی عزت واجب ہے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ تیسری فورس آگئی ہے لیکن یہ پہلی اور دوسری فورس جیسی ہی ثابت ہورہی ہے۔

حسن نثار نے کہا کہ عبدالعلیم خان بہت محنتی، باصلاحیت اور انتہائی منظم شخص ہے، پنجاب کابینہ میں اس کے مقابلہ میں کوئی چوتھائی بھی کارکردگی نہیں دکھارہا ہے۔