معروف ماہر تعلیم، ادبی و سماجی شخصیت انوار احمد زئی انتقال کرگئے

June 01, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر تعلیم، ادبی و سماجی شخصیت، پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل کمشنر ، ضیاالدین تعلیمی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرپروفیسر انوار احمد زئی اتوار کو 76برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد حسان بن ثابت، نزد کراچی یونی ورسٹی بلاک 1 میں ادا کی گئی اور تدفین یاسین آباد کے قبرستان میں عمل میں آئی۔ انوار زئی کا سوئم منگل2 جون کو بعد نماز عصر تا مغرب مسجد حسان بن ثابت، نزد کراچی یونیورسٹی بلاک1 میں ہوگا جبکہ خواتین کے لئے گھر پر اہتمام ہوگا۔ نماز جنازہ میں حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین محمد میمن، سندھ ایچ ای سی کے سیکرٹری معین الدین، سندھ بوائز اسکائوٹ کے سیکرٹری اختر میر، سابق جج حسن فیروز، نذیر حسین یونیورسٹی کے سابق وی سی ڈاکٹر احمد قادری، میٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات رزاق ڈیپر، سپلا کے سابق صدر پروفیسر فیروز، مرتضی سولنگی، جاوید افتخار، علیم خانزادہ، طارق شاہ، غلام عباس بلوچ، شرف الزماں، اسلم غزالی سمیت بڑی تعداد میں عزیز و اقارب، ماہرین تعلیم، ادبی و سماجی شخصیات، اساتذہ و دیگر نے شرکت کی۔مرحوم سابق چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی، انٹر بورڈ کراچی، میرپور خاص بورڈ و سابق ای ڈی او کراچی اورسابق ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم تھے۔ پروفیسر انوار احمد زئی 1944 میں بھارتی شہر جے پور میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد وہ حیدر آباد آگئے ابتدائی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم یہیں حاصل کی، انہوں نے تین ماسٹرز کئے تھے، ایم اے اردو، ایم اے انگریزی، ایم اے فارسی، جبکہ بی ایڈ ایم ایڈ، اورایل ایل بی کی اسناد بھی حاصل کر رکھی تھیں وہ کئی کتابوں اور سفر ناموں کے مصنف تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر نثار کھوڑو، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی، اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عارف زبیر، نیوپورٹ انسٹیٹیوٹ کی سربراہ ہما بخاری، رجسٹرار پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح، اخلاق احمد، چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد، چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید، اسکولز اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے حیدر
علی، ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، چیئرپرسن ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ ڈاکٹر ندا حسین، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر سید ممتاز علی شاہ، چیف پیٹرن محمد صدیق میمن، چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکائوٹس سرفراز قمر ڈاھا، نیشنل سیکرٹری صابر نیازی، شمس خان نیشنل کونسل کے ممبران اعجاز علی خان، سید رسول بخش شاہ، سید عابد علی شاہ، محفوظ یار خان، پروفیسر معین اظہر صدیقی، حسین مرزا، امام بخش ناگور، طاہر شیخ، سرور حسین، محمد جاوید،کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار ، انجمن ترقی اردو پاکستان کے تاحیات ممبر ذوالقرنین جمیل عالی،مشیر ادبی امورسحر انصاری،وائس چانسلر داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی، ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، ڈاکٹر سید آصف علی شاہ اور دیگر نے انوار احمد زئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے صاحبزادے عزیز احمد زئی،بھائی مسرور احمد زئی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت،جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔