عوام کمپیوٹرائزیشن ثمرات سے محروم‘ 120مواضعات تاحال مینول

June 01, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ضلع راولپنڈی میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے کام کا اوسطاً 90فیصد مکمل ہونے کے دعوے کے باوجود تاحال 120مواضعات مینوئل طریقے سے (پٹواریوں کے ذریعے) چلائے جا رہے ہیں جس کے باعث عوام کمپیوٹرائزیشن سسٹم کے ثمرات سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی جمع بندیوں کیلئے نظامت کاغذات زمین پنجاب نے فارمز بھجوانے کیلئے مینوئل طور پر ہینڈل کئے جانے والے مواضعات کی تعداد کے بارے میں تفصیلات مانگ لی ہیں۔ جمع بندیاں دسمبر تک مکمل کی جانی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی کے کل مواضعات کی تعداد 1229ہے جس میں تحصیل راولپنڈی کے 352مواضعات ہیں۔ گوجر خان 384 مواضعات، کلر سیداں 106، کہوٹہ 160، کوٹلی ستیاں 58، ٹیکسلا 54اور مری کے 115 مواضعات ہیں۔ ادہر نائب قاصدوں سے ترقی پا کر جونیئر کلرک بننے والے 13ملازمین کو آج (پیر) کو صبح 9بجے اراضی سنٹر رپورٹ کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ یاد رہے توصیف جاوید کو ساہنگ سرکل، احتشام الحق کلیام اعوان، عثمان مرتضی مندرہ، طاہر محمود سنگوڑی، عمران علی نور دولال، زعفران فیاض کیانی کوری دولال، توصیف حامد بجنیال، غلام مصطفیٰ ماہندر، گلزار احمد ہریال، احسن منیر بھٹی گھنگریلہ، جہانزیب ابرار جھنگی جلال، ارسلان رشید سوڑہ اور عمران فیض کو اضافی جھنگی جلال پٹوار سرکل الاٹ ہوئے ہیں۔