ایس او پیز کے تحت سکولز کھولنے اور بورڈ کلاسز کا مطالبہ

June 01, 2020

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) حکومت فوری طور پر ایس او پیز کے تحت سکولز بھی کھولنے اور بورڈ کلاسز فوری طور پر شروع کرنے کی اجازت دے۔ 15جولائی تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکومتی فیصلہ تعلیم دشمن ہے۔آئی ایف سی پاکستان کے صدر چوہدری محمد طیب سینئر نائب صدر،محمد آصف،جنرل سیکرٹری نصیر احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ ڈھائی ماہ کے لاک ڈاؤن میں سکولز بند ہیں جس سے کروڑوں بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ بروقت فیس وصول نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں ٹیچرز کو تنخواہیں ادا نہ ہو سکیں جس کی وجہ سے ٹیچرز بھوک و فاقہ کشی سے خودکشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ 90 فیصدسکولز کرایہ کی عمارتوں میں ہیں۔ کرایہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے صوبے بھر میں اب تک 600 سے زیادہ سکولز ختم ہوگئے ہیں دیگر کو بلڈنگ مالکان کی جانب سے سکول خالی کرنے کے نوٹسز ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔ ہم وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ ایجوکیشن ریلیف فنڈ کا اعلان کریں تاکہ ہم ٹیچرز کو تنخواہیں اور سکولز عمارتوں کاکرایہ ادا کرسکیں۔