عوام کو ترجیح دینے والے حکومتی اراکین قابل تحسین ہیں ،عثمان بزدار

June 01, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کورونا کنٹرول و مانیٹرنگ کے ضلعی انچارج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کو فون کرکے ان کی صحت پوچھی اورکورونا وائرس سے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ وزیر اعلی نےکہا کہ راجہ راشد حفیظ نے حفاظت اور بچائو کے ممکنہ اقدامات کے ساتھ اپنے سے زیادہ ان لوگوں کی دیکھ بھال اور انہیں سہولیات بہم پہنچانے کو مقدم رکھا جو کورونا سے متاثر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی ذات پر عوام کو ترجیح دینے والے ایسے حکومتی اراکین قابل تحسین و تقلید ہیں۔ راشد حفیظ نے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد دوبارہ فیلڈ میں عوامی خدمت کی انجام دہی کیلئے متحرک ہونگے ۔ علاوہ ازیں صوبائی کابینہ کے وزراء ،راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس افسران، سمیت پی ٹی آئی کے راہنمائوں و کارکنوں نے بھی ان کی صحت کے بارے میں استفسار کیا۔