ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں‘انجینئر عثمان

June 01, 2020

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام جہاں کورونا اور لاک ڈائون سے شدید متاثر ہورہے ہیں وہیں ٹڈی دل کے شدید حملوں نے ان کی زندگی اجیرن بنادی۔ لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل کے حملوں سے جہاں فصلیں تباہ ہوگئیں وہیں زمیندار نان شبینہ کے محتاج اور حکومتی اقدامات کے منتظر ہیں۔ وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈائون نے پوری دنیا سمیت پاکستان اور بلوچستان کو شدید متاثر کیا۔ معیشت تباہ اور عوام روزگار سے محروم ہوگئے۔ بلوچستان کے عوام کی بڑی تعداد کا دارومدارزراعت سے وابستہ ہے فصلوں اور پھلوں کی تیاری کے سیزن میں بڑی تعداد میں ٹڈی دل کے حملوں سے ان کی تیار فصلیں تباہ ہورہی ہیں لیکن افسوس حکومت اب تک دعوئوں تک محدود ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے اور زمینداروں کے ریلیف کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے۔درایں اثناءانہوں نے ٹریفک حادثے میں 6افراد کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔