کیسکو نے واسا کے کنکشنز بحال کر دئیے

June 01, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کی جانب سے یقین دہانی کے بعد تمام منقطع کئے گئے برقی کنکشنز بحال کردئیے جس کے بعد اب معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے ۔ کیسکو ترجمان کے مطابق گزشتہ دنوں محکمہ واسا کے تمام برقی کنکشنز بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے تھے ترجمان کے مطابق واسا کے ذمہ مجموعی طور پر تقریباً657 ملین روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں ۔ اس سے قبل بھی محکمہ واسا نے متعدد بار بقایا جات کی ادائیگی کے لئے یقین دہانی کرائی تھی لیکن گزشتہ کئی ماہ کے دوران اس سلسلے میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی تاہم ایک مرتبہ پھر اب واسا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقایا جات کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی جس پر تمام کنکشنز بحال کردیئے گئے ہیں ۔