بھارتی فاشزم نئی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے، معید یوسف

June 01, 2020


وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف کا کہنا ہے کہ دنیا کو یاد کرواتے چلیں مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل ہے اور بھارتی فاشزم نئی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے۔

معید یوسف نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری مظالم سے متعلق کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ظلم و بربریت 300 روز سے جاری ہے، بھارتی سیکیورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں بے لگام ہیں۔

معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت نے کہا دہشتگردی روکنےکو اضافی فورس مقبوضہ کشمیرمیں تعینات کی، اضافی فورس کی مقبوضہ کشمیرمیں تعیناتی کی وجہ جلد پتہ چل جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستانی سفارتکاروں پر جھوٹے الزامات لگائے، بھارت کے دراندازی اور کبوتر جاسوس الزامات پر صرف ہنسا ہی جاسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام باتیں بھارتی مایوسی اور مقبوضہ کشمیر میں ناکام پالیسی کو بے نقاب کرتی ہیں۔