پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی عوام کیلئے تحفہ ہے، فیاض چوہان

June 01, 2020

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی وزیرِ اعظم عمران خان کا عوام کے لیے تحفہ ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ ماضی میں عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہیں پہنچائے گئے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف عمران خان کا طرہ امتیاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان کے فلاحی اقدامات ان کا غریب عوام سے تعلق کا واضح اظہار ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ کورونا خاتمے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ اپوزیشن دائمی حسد میں وزیر اعظم کا پٹرولیم اور کورونا ریلیف کا اعتراف کرنے کو تیار نہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن انسدادِ کورونا کی بجائے صبح شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے، اپوزیشن کورونا کے خلاف زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرے۔