مراد علی شاہ سے WHO کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

June 01, 2020

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے سندھ حکومت کی کورونا کے خلاف پالیسی کی تعریف کی۔

ملاقات میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بروقت اقدامات نے بہتر نتائج دیئے، پورے ملک میں مقامی منتقلی کو روکنا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا سے متعلق اسپتال قائم کرنے سے ڈبلیو ایچ او کو آگاہ کیا جس پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے سماجی دوری اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کروانے کا مشورہ دیا۔

مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی یومیہ گنجائش 6600 ٹیسٹ کردی ہے، لوگ ٹیسٹ کروانے میں اتنا تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ڈاکٹرز، نرسز اور عملہ محفوظ رہے، ڈاکٹرز ٹھیک رہیں گے تو دوسروں کی زندگی بچا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2 اسپتالوں میں تشدد ہوا، اسپتالوں میں توڑ پھوڑ یا ڈاکٹروں کو ہراساں کرنا براداشت نہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق آج وزیراعظم اجلاس کر رہے ہیں جہاں اہم فیصلے ہونگے۔