24 گھنٹوں میں کورونا کے 22 مریض انتقال کرگئے، وزیر اعلیٰ سندھ

June 01, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 22 مریض انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا صوبے بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں کہنا ہےکہ سندھ میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1402 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 342 مریضوں کی حالت اس وقت تشویشناک ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 6289 کورونا ٹیسٹ ہوئےجس میں سے 1402 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس وقت کل 187092 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جس میں سے سندھ میں اب تک 29647 کورونا کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے 13346 مریض گھروں میں، 113 مریض آئسولیشن مراکز میں اور 1095 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ کورونا کے71 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج 785 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئےہیں، جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 14590 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 1402 کیسز میں سے 1028 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ کورنگی میں 292، ضلع شرقی میں 232، جنوبی میں 193 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

ضلع وسطی میں 165، غربی میں 101 اور ملیر میں 45 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ سکھر، گھوٹکی میں 46-46، لاڑکانہ میں 38 نئے کورونا کیسز ظاہر ہوئے ہیں، حیدرآباد میں 25، میرپورخاص میں 21 اور شکارپور میں 20 نئے کیسز آئےہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ جیکب آباد میں12 خیرپور اور جامشورو میں 8،8 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بدین اورسجاول میں 4،4 دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ میں 2،2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔