لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار ہونے کا اندیشہ

June 01, 2020

لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار ہونے کا اندیشہ

لاہور کا کوئی بھی علاقہ کورونا وائرس سے محفوظ نہیں ہے جبکہ شہر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار تک ہونے کا اندیشہ ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں اتنی بڑی تعداد کا اندازہ کورونا وائرس سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھیجی گئی سمری میں لگایا گیا ہے۔

سیکریٹری صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عمومی طور پر لیے گئے سیمپلز میں 5 اعشاریہ 18 اور اسمارٹ سمپلنگ میں 6 اعشاریہ 01 فیصد ٹیسٹ پازیٹو آئے۔

سمری کے مطابق تمام سمپلز میں 6 فیصد کا ٹیسٹ پازیٹو رہا، جبکہ لاہور کے بعض ٹاؤنز میں رزلٹ 14 اعشاریہ 70 فیصد رہا اور یہ تناسب لاہور میں خطرناک حد تک دکھائی دیتا ہے۔

سیکریٹری صحت کے مطابق کوئی بھی رہائشی علاقہ یا قصبہ ایسا نہیں جہاں کورونا وائرس کی بیماری نہ ہو۔

سمری کے مطابق ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے سفارش کی ہے کہ چار ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اس میں تجویز دی گئی کہ 50 سال سے اوپر کے لوگوں کو قرنطینہ میں یا علیحدہ رکھا جائے، جبکہ لوگوں کا گھروں میں رہنا لازمی قرار دیا جائے۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سفارشات پر دوسرے محکموں سے بھی رائے لی جائے۔

سیکرٹری محکمہ صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے 15 مئی کو سمری بھیجی گئی تھی جبکہ سفارشات ماہرین نے تیار کیں اور سفارشات سے پہلے باقاعدہ ٹیسٹ کرنے کی پوری مشق بھی کی گئی۔

سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں میں مرض کی شدت بڑھنے کے بعد نئی مشق کیے بغیر نئے مریضوں کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔