ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائن پر من و عن عمل درآمد ہورہا ہے، اجمل وزیر

June 01, 2020

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز پرمن و عن عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوروناوائرس کا ریکوری ریٹ باقی صوبوں سے زیادہ ہے جو 31 فیصد ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پہلےدو ماہ میں مختلف ممالک سے 81 ہزار سے زائد پاکستانی پشاور پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی استعداد 2200 سے 2300 تک بڑھادی گئی ہے، ٹیسٹنگ کی تعداد مزید بھی بڑھادی جائے گی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے سمیت تمام فرنٹ لائینرز کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں، کل بھی ہمارے دو مسیحاؤں ڈاکٹر اورنگزیب اور ڈاکٹر اعظم نے قوم پر اپنی جان نچھاور کردی۔

اجمل وزیر نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں سے مشاورت کرکے آگے بڑھ رہے ہیں، ہمارے وزراء اور چیف سیکرٹری فرنٹ لائن سے لیڈ کرتے ہوئے خود کورونا کے شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اوورسیز کی فکر نہیں کرنا چاہیے، اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے سب سے زیادہ قریب ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ان کو کسی حال میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ کی کاوشوں سے پشاور ائیرپورٹ سے بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد شروع ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں فی الحال وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی کوئی کمی نہیں ہے، عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔