کھلاڑیوں نے بھی جارج فلائیڈ کو انصاف دلانے کیلئے آواز بلند کردی

June 01, 2020

جرمنی میں جاری فٹبال لیگ میں شریک کھلاڑیوں نے بھی امریکی سیاہ فام باشندے جارج فلائیڈ کو انصاف دلانے کےلیے آواز بلند کر دی۔

بنڈس لیگا کے میچ میں بورشیا ڈورٹمنڈ کے جیڈن سانچو نے شاندار ہیٹ ٹرک بنائی، پہلا گول کرنے کے بعد انہوں نے اپنی شرٹ اتاری ، تو اندر شرٹ پر جارج فلائیڈ کے لیے نعرہ درج تھا۔

ٹیم کے ایک اور کھلاڑی آرچرف حکیمی نے بھی ٹیم شرٹ کے نیچے جو جرسی پہنی تھی اس پر جارج فلائیڈ کے لیے نعرہ لگا تھا۔

میچ میں بورشیا ڈورٹمنڈ نے پیڈربورن کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی۔

مونچن گلیڈبیخ میں کھیلے گئے میچ میں بھی کھلاڑیوں نے اسی طرح کے نعرے لکھے ہوئے جرسی پہنی ہوئی تھی۔

امریکی پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے قتل کے خلاف امریکا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

سیاٹل سے نیو یارک تک ہزاروں افراد نے مارچ کیا، مظاہرین رکاوٹیں اور جنگلے گرا کر وائٹ ہاؤس کے قریب پہنچ گئے۔ امریکی دارالحکومت میں رات کا کرفیو لگادیا گیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کر فیو رہے گا۔ ہفتے کی رات پولیس پر حملے، ہنگاموں، جلاؤ گھیراؤ کے بعد 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کا گشت جاری ہے۔

پرتشدد مظاہروں کے دوران واشنگٹن میں 11 اور نیو یارک میں 30 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ میامی میں کرفیو کے باوجود لوٹ مار کی گئی۔

سفید فام امریکی پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ برطانیہ تک جا پہنچا۔سیاہ فام افریقن نے امریکیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے لندن کی سڑکوں پر مارچ کیا گیا۔

علاوہ ازیں کل سے برطانیہ کے بڑے شہروں برمنگھم، مانچسٹر، کارڈف اور گلاسگو میں بھی مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔