حیدر آباد میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ایم کیو ایم

June 01, 2020

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما صابر قائم خانی کا کہنا ہے کہ حیدر آباد میں لوڈشیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے اور بوسیدہ ٹرانسفارمر بھی تبدیل کیے جائیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد سندھ حکومت کے تعصبانہ اقدامات سے آگاہ کرنا ہے۔

رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی نے کہا کہ سینٹرل جیل انتظامیہ نے بکرا منڈی بس اسٹاپ پر قبضہ کرلیاہے، جبکہ نورانی بستی پارک میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کی ملکیت ہے، سندھ حکومت نے اس پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

رکن اسمبلی صلاح الدین نے کہا کہ بجٹ اجلاس ہونے والا ہے جس میں رکن صوبائی اور قومی اسمبلی شرکت کریں گے، اجلاس میں حیدرآباد شہر کے موجودہ مسائل اور ترقیاتی کام کے لیے بجٹ پیش کریں گے۔

صلاح الدین نے کہا کہ جو لوگ بجلی چوری کرتے ہیں ہم ان کے سخت خلاف ہیں اس کی حمایت نہیں کرتے، بجلی چوروں کے خلاف وفاقی ادارے کے محکمے واپڈا نے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی سے بھی ملے، حیدرآباد کے بجلی کے مسائل سے آگاہ کیا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے عوام سے پچاس ہزار روپے تک وصول کیے جاتے ہیں۔

صلاح الدین نے کہا کہ سندھ حکومت نے من پسند پولیس اہلکار اور افسران مختلف تھانوں پر تعینات کیے ہوئے ہیں، سندھ حکومت حیدرآباد والوں کے ساتھ زیادتیاں بند کریں۔

رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے اب پریشان ہیں، انہیں نوکری نہیں ملتی، نوکری پیسوں سے ملتی ہے جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں دی جاتی ہیں۔

راشد خلجی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی بنائی جائے تاکہ شفاف انکوائری ممکن ہو سکے۔

رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی نے کہا کہ حیسکو اپنا قبلہ درست کرے، وبا سے نمٹنے کے لیے خالد مقبول صدیقی نے سندھ حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا، جبکہ تمام ایم پی ایز اپنی تنخواہیں کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروائیں۔