زیورات تیار کرنے والے30 فیصد کاریگروں کا روزگار ختم

June 02, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) کورونا وائرس کی وباءکے باعث سونے کے زیورات کی فروخت میں کمی کی وجہ سے زیورات تیارکرنے والے 30 فیصد کاریگروں کا روزگار ختم ہو ا ہے، کاریگر گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لئے رکشے چلار ہے ہیں اور گھروں میں کھانا پکا کر بازاروں میں فروخت کررہے ہیں۔ آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی جے اے) کے چیئرمین محمد ارشد نے کہا ہے کہ سونے کے کاروبار میں مندی کی وجہ سے ایک طرف تاجر اور کاریگر پریشان ہیں تاہم دوسری جانب کم آمدنی اور متوسط آمدن والے طبقات کے لئے کورونا وائرس کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ سونے کے زیورات کی فروخت میں کمی کے نتیجہ میں سونے کا کاروبار صرف 20 فیصد رہ گیا ہے کیونکہ پہلے کے مقابلہ میں صرف 10 فیصد گاہک ہی مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں۔