غیر ملکی ڈرامے پاکستانی پروڈکشن کو تباہ کردیں گے، فواد چوہدری

June 02, 2020

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں آج کل ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے خوب چرچے ہورہے ہیں تاہم سرکاری ٹی وی پر غیر ملکی ڈرامہ دکھائے جانے پر فنکاربرادری اور عام شہریوں نے تنقید کرتے ہوئے اسے پاکستانی انڈسٹری کیلئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی ڈراموں پر تنقید کرنے والوں میں پہلی بار ایک حکومتی وزیر بھی شامل ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ غیر ملکی ڈرامے پاکستانی پروڈکشن کو تباہ کردیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ پی ٹی وی ہوم دوسرے ممالک کی پروڈکشن پر فخر کررہا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ پاکستانی پروڈکشن پر توجہ دیں ورنہ غیر ملکی ڈرامے پاکستانی پروڈکشنز کو تباہ کردیں گے۔ بیرون ممالک سے ڈرامے خریدنا ہمیشہ ایک سستا سودا رہا ہے تاہم اس کے ہماری اپنی پروڈکشن پر دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔