یورپی باشندے کو ڈکیتی کے جرم پر قید 15 سال قید

June 02, 2020

بولٹن (نمائندہ جنگ) مانچسٹر کرائون کورٹ نے ایک یورپی باشندے کو ڈکیتی کرنے کے جرم میں15سال جیل کی سزا سنا دی، سزا پوری ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم جاری کردیا۔ تفصیل کے مطابق ہنگری سے تعلق رکھنے والے44 سالہ پیٹر پراوڈی نے بولٹن کی ایک پرائیویٹ ہائر ٹیکسی فرم کے مالک کی منگیتر کے پرتعش گھر میں اپنے ساتھی کے ساتھ اس وقت دروازے پر دستک دی جب وہ اپنی بچی کو اسکول کی نرسری کے لیے تیار کررہی تھی۔انہوں نے اسے کہا کہ ہمیں نک اسلے نے مکان کے گٹر صاف کرنے کے لیے بھیجا ہے، جس پر خاتون نے بغیر سوچے سمجھے انہیں اندر آنے کی اجازت دے دی۔ ڈاکوئوں نے گھر کے اندر داخل ہوتے ہی خاتون کو گلے سے کھینچ کر ایک الگ کمرے میں لے گئے اور خاتون کو گن دکھاکر اسے خاموش رہنے کو کہاجبکہ اس کے دوسرے ساتھی نے گھر سے بڑی رقم کے علاوہ ایک لاکھ پونڈ کی مالیت کی اشیا لوٹ لی جس کے بعد دونوں فرار ہوگئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم پیٹر پیراوڈی کے ایک دوسرے سیاہ فام ساتھی نے اس موقع پر خاتون کی انگلی سے ایک انگوٹھی جس کی مالیت تقریباً35ہزار پونڈ بتائی گئی ہے وہ بھی اتروائی، جبکہ خاتون خوفزدہ حالت میں چیختے چلاتی ہوئی اپنی3ماہ کی بچی کی گود میں چھپانے کی کوشش کرتی رہی۔ اس واقعہ کے بعد تین سالہ بچی نفسیاتی دبائو کے زیر اثر ہے، جس سے وہ اب اکیلے سو بھی نہیں سکتی۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ ملزم گزشتہ سال سے نہ صرف بولٹن بلکہ کئی دوسرے شہروں میں نقب زنی کی وارداتیں کررہا تھا، جس پر پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس سال30نومبر کو پیٹر پیراوڈی کو گرفتار کرلیا، ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے ڈکیتی اور متعدد نقب زنی کی وارداتوں کا اعتراف کرلیا، جس پر عدالت نے اسے15 سال کی جیل کی سزا مکمل ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم بھی جاری کردیا، میٹرو ٹیکسی فرم کے مالک نک اسلے نے عدالت کی جانب سے دی گئی اس سزا کا خیرمقدم کیا ہے۔