ایٹمی دھماکوں پر وزیر ریلوے کا بیان سستی شہرت کا حصول ہے، بیرسٹر امجد ملک

June 02, 2020

راچڈیل (ہارون مرزا)او پی ایف کے سابق چیئرمین اے پی ایل برطانیہ کے صدر بیرسٹر امجد ملک نے وفاقی وزیر ریلوے کی طرف ایٹمی دھماکوں کے بارے میں دیئے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے اوٹ پٹانگ بیان دیتے رہتے ہیں، جن کا حقائق کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ،موجودہ حکومت بحرانوں کی پیداوار ہے اور جب سے یہ برسر اقتدار آئی ہے اس نے ہر روز کوئی نہ کوئی بحران جنم دیا ہے ،کبھی معاشی بحران کبھی مالیاتی بحران کا رونا رو کر عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، جس کی سب سے بدترین مثال ماہ رمضان میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہے، چینی کمیشن کی رپورٹ موجودہ حکومت کیلئے ناکامی کا طوق ہے جو سابقہ حکومت کو مورد الزام ٹھہرانے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کوئی منصوبہ نہیںہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ن لیگ کی قیادت کو راستے سے ہٹانے کیلئے تمام غیر جمہوری اقدامات کر رہی ہے پاکستانی عوام کی اکثریت آج بھی میاں برادران کو اپنا محبوب قائد تصور کرتی ہے اور اسے یہ یقین ہے کہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کے چیلنجز سے مقابلہ کرنے کیلئے میاں برادران سے بہتر کوئی اور قیادت نہیں ہے ۔