لوٹن لرننگ لنک اسکول بچوں کیلئے ڈیجیٹل ڈیوائسز کے حصول کیلئے کوشاں

June 02, 2020

لوٹن(شہزاد علی ) لوٹن لرننگ لنک اسکول بچوں کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز کے حصول کے لیے کوشاں ہے، یہ بات لوٹن کونسل کی سائٹ پر موجود اطلاعات میں بتائی گئی ہے، ان معلومات کے مطابق کووڈ 19 کے بحران کے دوران یہ بات واضح ہوئی ہے کہ دو طرح کے اسکولوں کے بچے ہیں ایک جن کے پاس ڈیجیٹل ڈیوائسز ہیں اوردوسرے وہ جو اس سہولت سے محروم ہیں اور ڈیوائسز کے بغیر ینگ پیپلز اپنے ہم عصر طلبا سے تعلیمی امور میں پیچھے رہ جاتے ہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لوٹن کے 46 فیصد بچے غربت میں زندگی بسر کر رہے ہیں، جس کے معنی یہ ہیں کہ بچوں کی ایک قابل ذکر تعداد کو لیپ ٹاپ وغیرہ تک رسائی حاصل نہیں اور حکومت کی اس متعلق جو سکیم بھی ہے وہ صرف دسویں جماعت کے بچوں کے لیے ہے جن کی عمریں چودہ سے پندرہ سال کی ہوں اور جن کو اسکول میں مفت کھانا ملتا ہو، اس پس منظر میں لوٹن لرننگ لنک کا قیام مختلف اداروں نے مل کر کیا ہے، اس کی بہت اہمیت ہے اس سکیم میں ہائی شیرف بیڈفورڈشائر، لوٹن ایجوکیشن سروسز، لوٹن لیول ٹرسٹ، لوٹن کونسل آف ماسکس، لوٹن سٹی کونسل آف ماسکس شامل ہیں، ہائی شیرف بیڈ فورڈ شائر اور گروپ ترجمان سوزن لوساڈہ Susan Lousada نے کہا ہے کہ یہ پراجیکٹ گویا کہ ان کے دل کی آواز ہے وہ چاہیں گی کہ ہر بچے کو تعلیم میں مکمل پارٹی سپیٹ کریں اور اس طرح کی ڈیوائسز سے بچوں کو آن لائن سیکھنے میں کافی مدد ملے گی _ لوٹن کونسل کے ایگزیکٹو برائے ایجوکیشن کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ یہ مشترکہ طور پر ایک عمدہ کاوش ہے، جس سے تعلیم میں پائی جانے والی عدم مساوات کو دور کرنے میں مدد ملے گی، اس منصوبے پر لوٹن سٹی کونسل آف ماسکس کی سماجی کارکنوں ریحانہ فیصل اور ان کے خاوند راجہ فیصل حسین نے کہا کہ لوٹن کے بچے جو گھروں سے آن لائن لرننگ کر رہے ہیں اور ان کے لیے ایک پراجیکٹ شروع کیا ہے اس کی بھر پور اعانت کی جائے، انہوں نے بتایا ہے کہ اس کے تحت پہلے فیز میں لوکل بزنسیز سے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے یہ لیپ ٹاپ ملنے پر پہلے انہیں اسکولوں کو دیا جائے گا تاکہ وہ ان پر بچوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ سافٹ ویئر اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ بچوں کو محفوظ طور پر ڈیوائسز استعمال کرنے کے لیے دیئے جائیں۔