سٹیفورڈ میں بھی پرائمری اسکولو ں میں تدریس کا آغاز

June 02, 2020

مریم فیصل(سٹیفورڈ) دس ہفتے کے لاک ڈاؤن کے بعد برطانیہ میں کی ورکرز کے بچوں کے علاوہ عام بچوں کے لئے بھی اسکول کھول دیئے گئے ہیں۔ ریسپشن ائیر ون اور ائیر سکس کے بچے اب اسکول جا سکیں گے ۔ یہ فیصلہ برطانوی حکومت نے پانچ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا ہے اور یہ آزمائشی طور پر کیا گیا ہے تاکہ یہ اندازہ کیا جاسکے کہ اسکول کھلنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ تو نہیں ہو رہا ۔ سٹیفورڈ میں بھی اسکول کھول دیئے گئے ہیں ۔ دو ڈھائی ماہ کے بعد بچے یونیفارم میں ملبوس اسکول جاتے نظر آرہےہیں۔اسکولوں میں دو میٹر فاصلہ والے اصول کو فالو کرنے کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں اور اسکولوں کے گیٹس پر بھی اس بات کا پورا خیال رکھا جارہا تھا کہ بچوں کو چھوڑنے آنے والے والدین قطار میں دو میٹر کے فاصلے پر کھڑے رہیں ۔ تاہم اتنے انتظامات کے بعد بھی والدین کی بڑی تعداد مطمئن نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں ۔ جنگ سے بات کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے والدین نے اپنے خدشات کا اظہار کیا کہ بچے لاپروا ہوتے ہیں اور خاص کر دوستوں کے ساتھ مل بیٹھیں گے تو وہ اس بات کا دھیان نہیں رکھیں گے کہ کتنا فاصلہ ہے ۔ والدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی بھی رسک ہے کیونکہ کورونا کیسز بالکل بھی ختم نہیں ہوئے ہیں ۔ کمیونٹی کی رائے میں حکومت نے یہ فیصلہ جلد بازی میں کیا ہے ۔