قواعد کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا، نکولا سٹرجن

June 02, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے کہا ہے کہ اگرچہ عوام کی بھاری اکثریت لاک ڈائون کے قوانین کی پابندی کررہی ہے، لیکن محدودے چند ایسے افراد بھی ہیں جنہوں نے اختتام ہفتہ پر خاصی بے احتیاطی کی ہے۔پولیس نے ہفتے کو تفریحی مقامات پر آٹھ سو سے زیادہ افراد کو منتشر ہونے کے نوٹس دیئے۔ سڑکوں پر ٹریفک میں تین گنا اضافہ ہوگیا، لاک ڈائون میں نرمی کے تحت دو مختلف خاندانوں کے 8افراد 5میل کے فاصلے کے اندر آپس میں 6فٹ کا فاصلہ رکھتے ہوئے ملاقات کرسکتے ہیں۔ اگر لوگوں نے ان قواعد کی خلاف ورزی جاری رکھی تو قوانین کو حرکت میں لانا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سکاٹ لینڈ میں تمام احتیاطی تدابیر کو سامنے رکھتے ہوئے آہستہ آہستہ عوام کو سہولتیں دی جائیں گی، لیکن اس سلسلہ میں ان کا مکمل تعاون ضروری۔سکاٹ لینڈ کے نیشنل ہیلتھ سروس کے بعض شعبے مثلاً دانتوں کا علاج اور کینسر کے علاج کے متعلق مزید پیش رفت کی جارہی، سکاٹش ائرلائن لوگن ائیر بھی ایبرڈین ائیرپورٹ سے برمنگھم اور نیوکاسل کے لئے اپنی پروازیں شروع کررہی ہے۔ دس ہفتوں کے بعد آج جب کونسل کے ری سائیکلنگ سنٹرز کو کھولا گیا تو وہاں لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سکاٹش ہیلتھ سیکرٹری جین فری لین نے کہا ہے کہ ہم نے روزانہ ساڑھے پندرہ ہزار افراد کے کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔