حکومت لاک ڈائون نفاذ کیلئے ہمیں مزید اختیارات دے،برائٹن سٹی کونسل

June 02, 2020

لندن ( پی اے )برائٹن کی سٹی کونسل نے لاک ڈائون نرمی کے نتیجے میں پارکس اور ساحلوں پر بڑے ہجوم کے بعد اپنے لاک ڈائون کو نافذ کرنے کیلئے حکومت سے مزید اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ برائٹن اینڈ ہوو سٹی کونسل نے کہا کہ مقامی افراد حود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں اور وہ اپنے ایریا میں لطف اندوز ہونے سے قاصر ہیں ۔ کونسل لیڈر نینسی پلاٹس نے کہا کہ وزیٹرز ساحلی حدود میں الکوحل کا استعمال کر کے زیادتی کر رہے ہیں اور ان کا یہ رویہ ناخوش گوار اور خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں آسانی سوچ بچار کر کے نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی نارمل حالات میں واپس آنے کے قریب نہیں ہیں ۔ لاک ڈائون اقدامات میں نرمی کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اپنی پسندیدہ جگہوں پر وقت گزارنے کیلئے سفر کرسکتے ہیں لیکن ہمیں تشویش ہے کہ برائٹن اینڈ ہوو جیسے مشہور سیاحتی مقامات کیلئے اس کے اثرات کے حوالے سے پوری طرح نہیں سوچا گیا ۔ انہوں نے کہا کیونکہ بہت سے لوگ ہمارے شہر میں آنا پسند کرتے ہیں جس سے لوگوں کی سیفٹی کو ممکنہ طور پر خطرہ لاحق ہے اور کورونا وائرس کوویڈ 19 کو پھیلائو سے روکنے کیلئے کیلئے ہم نے جو کچھ حاصل کیا تھا یہ ان تمام کاموں کو نا کام بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹاسک کی وسعت سامنے آتی ہے تو اس کے مقابلے میں کونسل اور پولیس کے وسائل محدود ہیں ۔ سٹیورڈز ساحل تک پہنچنے والے لوگوں کی تعداد کو سنبھالنے کیلئے گشت کرتے رہے لیکن کچھ لوگ ان کے ارد گرد موجود رہے ۔لوگ خود ہی ساحل پر الکوحل لے کر آ رہے ہیں اور بلا نوشی کر رہی ہیں ۔ انہوں نےلوگوں سے اپیل کی کہ براہ کرم بہت زیادہ شراب نوشی اور طبی امداد کی ضرورت کی وجہ سے ہماری پہلے سے دبائو کی شکار ایمرجنسی سروسز پر مزید بوجھ نہ ڈالیں اور ان کیلئے ایک اور مسئلہ پیدا نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت کی جانب سے اس معاملے پر سننے کی ضرورت ہے۔