کورونا وائرس اور طیارہ حادثہ

June 02, 2020

ہالینڈ کی ڈائری۔۔۔ راجہ فاروق
ہالینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے عیدالفطر کا تہوار نہایت سادگی سے منایا، پاکستانی تارکین وطن نے معاشرتی فاصلوں کی پابندی پر عمل کرتے ہوئے حکومتی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے تیس، تیس کے گروپ میں مساجد میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ پاکستان میں قومی ایئر لائن کے حادثے میں97افراد کی شہادتوں کی وجہ سے بوجھل دلوں اور غمزدہ ماحول میں عیدالفطر کا دن اپنے گھروں میں ہی گزارا۔ اس موقع پر عیدالفطر کی روایتی خوشیاں نظر نہ آئیں، کہیں کورونا وائرس سے ہزاروں کی تعداد میں بچھڑنے والوں کی یادیں اور کہیں پی آئی اے طیارہ کے حادثے نے سب کو غمزدہ کر رکھا ہے۔ تارکین وطن کے عزیزواقارب اور والدین نے ٹیلی فون پر ہی اپنے بچوں کو عید مبارک دی۔ علمائے کرام نے بھی عیدالفطر کے موقع پر اپنے خطابات میں پی آئی اے کے طیارہ کے حادثے میں شہدا کے درجات کی بلندی اور کورونا وائرس سے ہم سے جدا ہونے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کرائیں۔ یقیناً اللہ تعالیٰ کن فیکون کی طاقت کا مالک ہے۔ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ پروردگار رحمت اللعالمین کے صدقے انسانیت پر رحم فرمائے ، اس وقت خطہ زمین پر ہر کوئی بے بس نظر آتا ہے جن حکومتوں کو اپنے سپر پاور ہونے پر گھمنڈ ہے آج سب بے بس نظر آتے ہیں، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہر جگہ اللہ تعالیٰ سلطنت ہے، اس سے کوئی کہیں بھی بھاگ کر جا نہیں سکتا۔ اس وقت سوچنے کا مقام ہے کہ کشمیر، فلسطین، برما جہاں، جہاں ظلم ہورہے ہیں، کیا کبھی عالمی طاقتوں نے ان مظالم پر چشم پوشی تو نہیں کی ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں عرصہ دراز سے بھارت نے انسانی قتل و غارت کا بازار گرم کیا ہواہے اور انسانی حقوق کی پامالیاں کررہا ہے، بلکہ انسانیت کی تذلیل کررہا ہے، ان کا کوئی پرسان حال نہیں، نام نہاد عالمی طاقتوں کو یہ ظلم کا بازار بند کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تاریخ شاید ہے کہ جب ظلم حد سے بڑھ جائے تو ارضی و سماوی آفات نازل ہوتی ہیں۔ تارکین وطن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں شہیدہوجانے والے لواحقین مصیبت زدہ ہیں اور حالت غم میں ہیں، ان کی معاونت کی جائے اور تمام تر متعلقہ محکمے ان کے مسائل بڑی ہمدردی سے حل کریں۔ شہدا کے ورثا کے الیکٹرانک میڈیا پربڑے رقت آمیز انٹرویو نشر ہورہے ہیں جو دل ہلا دیتے ہیں، انہیں اس وقت ہمدردی کی ضرورت ہے۔ ہالینڈ میں بیشتر سیکنڈری اسکولوں کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومتی فیصلے کے مطابق2جون سے سیکنڈری اسکول کھولے جارہے ہیں، عوامی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر تنقید کی جارہی ہے، نیدر لینڈ میں کورونا وائرس سے پانچ ہزار971کی اموات واقع ہوچکی ہے، جبکہ مجموعی مریضوں کی تعداد چھیالیس ہزار388تک جا پہنچی ہے، اگرچہ روزمرہ اموات میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے، لیکن یہ وباء ابھی بھی روزانہ ڈیڑھ سو کے قریب مریضوں میں اضافہ کررہی ہے، گزشتہ روز دی ہیگ میں لاک ڈائون کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیاجس میں مقامی لوگوں کا حکومت نیدر لینڈ کو یہ باور کرانا تھا کہ اس طرح لاک ڈائون سے معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔