کورونا وائرس اتنا جان لیوا نہیں رہا، جتنا آغاز میں تھا، اطالوی ڈاکٹروں کا دعویٰ

June 02, 2020

روم(جنگ نیوز)اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس اب اتنا جان لیوا نہیں رہا جتنا عالمی وبا ءکے آغاز پر تھا۔خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق میلان کے سان ریفایلی ہاسپٹل کے سربراہ ڈاکٹر البرٹو زینگریلو نے اتوار کو ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ طبی لحاظ سے یہ وائرس اب اٹلی میں موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 دن کے دوران سواب ٹیسٹوں میں جو وائرل لوڈ دیکھا گیا وہ ایک یا 2 ماہ قبل کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے اطالوی حکومت پر لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھانے کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔خیال رہے کہ میلان اٹلی کے خطے لمبارڈی میں واقع ہے جو اس وبائی مرض سے بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔