لاہور ہائیکورٹ،موبائل فون سگنلز کیلئے ٹاور لگانے کا معاملہ، چیئرمین پی ٹی اے طلب

June 02, 2020

لاہور ( خبرنگارخصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے موبائل فون سگنلز کے لیے ٹاور لگانے کے معاملہ میں تاخیر پر چیئرمین پی ٹی اےکو طلب کر لیا۔ درخواست گذار اظہر صدیق کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ٹاور لگانے کے معاملے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی ۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی اےکون ہیں جس پر وکیل پی ٹی اے نے عدالت کو بتایا کہ عامر عظیم باجوہ چیئرمین پی ٹی اے ہیں جس پر فاضل عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی اے خود عدالت میں پیش ہوں اگر کام شروع ہو جاتا ہے تو بے شک چیئرمین پی ٹی اے نہ آئیں۔ فاضل عدالت نے مزید کارروائی 24 جون تک ملتوی کر دی۔