وفاق نے میئر اسلام آباد کی بحالی کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لے لی

June 02, 2020

اسلام آباد (خبر نگار) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بحالی کے معاملے پر وفاق نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ سے واپس لے لی ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی بحالی کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ وفاق کی اپیل قابل سماعت نہیں ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پہلے اپیل دائر کرنے اب اپیل پر دلائل نہ دینے کی ہدایات دی ہیں،میئر اسلام آباد کی بحالی کے خلاف اپیل میری ایڈوائس کے خلاف دائر کی گئی ہے ، وفاق نے پہلے اپیل دائر کرنے اور اب اپیل پر دلائل نہ دینے کی ہدایات دی ہیں۔