طیارہ حادثہ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم کا متاثرہ مکانات کا دورہ

June 02, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم نےطیارہ گرنے سے ماڈل کالونی کے متاثرہ مکانات کا دورہ کیا، ڈائریکٹر ایس بی سی اے علی مہدی کاظمی نے بتایا کہ طیارہ حادثے سے 18 مکانات کونقصان پہنچا ہے، مکان لاک ہونے کے باعث اندر سے معائنہ نہیں کیا جاسکا، کوشش ہوگی کہ مکانوں کا اندر سے جائزہ لیں گے پھر ہی نقصانات کا درست اندازہ ہو سکے گا، اس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ کے اطراف 50 فٹ سے زیادہ بلند عمارتوں کی تعمیر کی اجازت سول ایوی ایشن اتھارٹی دیتی ہے، زیر تعمیر منصوبوں کی این او سی بھی سی اے اے نے دی ہے، یہاں کوئی بلند عمارتیں نہیں ہیں اس سے طیاروں کی پرواز پر فرق نہیں پڑتا، دریں اثنا ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے افسران کوہدیات دی ہیں کہ طیارہ حادثہ میں عمارتی نقصانات کاحتمی معائنہ جلدمکمل کیاجائے۔