طیارہ حادثہ، ایئر بس ٹیم ضروری شواہد لیکر فرانس روانہ

June 02, 2020

طیارہ حادثہ، ایئر بس ٹیم ضروری شواہد لیکر فرانس روانہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لئے فرانس سے آئی ایئربس کمپنی کی ٹیم ضروری شواہد جہاز کا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر اپنے ساتھ لیکر واپس فرانس روانہ ہو گئی ، پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان بھی ان کے ساتھ فرانس گئے ہیں، ٹیم واپس پہنچنے کے بعد منگل 2 جون سے بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ کا عمل شروع کر دے گی ، ایوی ایشن ماہرین وائس ریکارڈر اور بلیک باکس کے تجزیہ کے ذریعہ حادثہ کے محرکات جاننے کی کوشش کریں گے۔ ایئربس کمپنی کی ٹیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ ٹیم نے حادثے سے متعلق اپنا مشن مکمل کرلیا ہے۔ ٹیم کو پی آئی اے حکام کی جانب سے جہاز کی انسپکشن اور تمام ضروری دستاویزات ، کاک پٹ کریو (کپتان ونائب کپتان) کا سابقہ ریکارڈ جبکہ ان سے متعلق انتہائی اہم تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں، واضح رہے کہ تباہ شدہ طیارے کی آخری جانچ پڑتال تحقیقات کا ایک لازمی جزو ہے تاہم حتمی رپورٹ کاک پٹ وائس اورڈیٹا فلائٹ ریکارڈر کی جانچ پڑتال کے بعد مرتب ہو گی ۔