دنیا میں 6394317 کورونا کیسز، 377966 اموات

June 02, 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 63 لاکھ 94 ہزار 317 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 77 ہزار 966 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 89 ہزار 459 مریض اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 53 ہزار 385 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 29 لاکھ 26 ہزار 892 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 6 ہزار 927 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار 693 ہو چکی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 37 ہزار 340 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 949 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 لاکھ 15 ہزار 426 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 405 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 30 ہزار 46 زندگیاں نگل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 5 ہزار 37 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 741 ہو چکی ہے۔

اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 86 ہزار 718 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 27 ہزار 127 ہو چکی ہیں۔

برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 39 ہزار 45 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 332 ہو گئی۔

اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 33 ہزار 475 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 33 ہزار 197 رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس سے 5 ہزار 612 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 99 ہزار 757 ہو گئی۔

فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار 833 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 89 ہزار 220 ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: انگلینڈ میں 10 ہفتوں بعد اسکول کھل گئے

جرمنی میں کورونا سے کُل اموات کی تعداد 8 ہزار 618 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 83 ہزار 765 ہو گئے۔

ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 563 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 64 ہزار 769 ہو گئے۔

ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 7 ہزار 942 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 57 ہزار 562 ہو گئے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 525 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار 142 تک جا پہنچی ہے۔

چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند کورونا مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے، چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 22 اور اس سے اموات 4 ہزار 634 ہوگئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 77 ہزار 837 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 644 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 48 ہزار 135 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 824 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 28 ہزار 58 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔