پی آئی اے کے طیاروں پر کبھی سفر نہیں کروں گی: ماہین خان

June 02, 2020

معروف فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے گزشتہ دنوں ہونے والے کراچی میں پی آئی اے کے طیارے حادثے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ دوبارہ کبھی بھی پی آئی اے کے طیاروں پر سفر نہیں کریں گی۔

ماہین خان نے اپنے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ اب وہ دوبارہ پی آئی اے کے طیاروں میں کبھی سفر نہیں کریں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ 30 سال میں پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور اپنے ہی رشتہ داروں کو ملازمتیں دی گئیں۔

انہوں نےحیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں حیران ہوں کہ کس طرح پی آئی اے کو سفارشی ٹولے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔‘

حالیہ طیارے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے ماہین خان نے کہا کہ طیارے حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے ساتھ یہ جو سلوک کیا جارہا ہے، یہ انتہائی شرمناک ہے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو عید سے دو روز قبل جمعتہ الوداع کے دن لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارہ اے 320 ایئربس کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

طیارے حادثے کے نتیجے میں 97 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔