ترکش ڈراموں کی شدید مخالف ہوں: ثمینہ احمد

June 02, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار ہ ثمینہ احمد کا کہنا ہے کہ وہ ترکش ڈراموں کی شدید مخالف ہیں ۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار اورٹی وی میزبان توثیق حیدر سے لائیو انسٹاگرام سیشن کے دوران ترکش ڈراموں کو پاکستان میں نشر کئے جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے غیر ملکی ڈراموں کو پاکستان میں نشر کرنے کی مخالفت کی۔


ثمینہ احمد کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ دونوں ممالک کا مقابلہ ہونا چاہیے تو پھر پاکستان میں ان کا چینل لے کر آئیں تا کہ علم ہو کہ لوگ ترکش ڈرامہ دیکھیں گے یا ہماری چیزیں دیکھنا پسند کریں گے۔

انہوں نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ روزانہ پرائم ٹائم اگر ترکش ڈراموں کو دے دیا جائے گا تو پھر ہمارے مقامی ڈرامے کہاں دکھائے جائیں گے۔

اداکارہ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تو مقامی ڈرامے بننے ہی بند ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈرامے لازمی دکھانے ہیں تو صبح یا دوپہر کو نشر کیے جائیں لیکن پرائم ٹائم صرف پاکستانی ڈرامے کیلئے ہی ہونا چاہئے۔

یاد رہے کہ یکم رمضان سے سرکاری ٹی وی چینل پر مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر نشر کی جارہی ہے۔

سرکاری چینل پر نشر کرنے کے حوالے سے مقامی فنکار اس کی مخالفت میں آواز بلند کررہے ہیں۔

ثمینہ احمد کے علاوہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری ، فلم اسٹار شان شاہد، ریما، ثانیہ سعید، یاسر حسین، واسع چوہدری بھی سرکاری چینل پر نشر کرنے کے حوالے سے شدید مخالفت کرچکے ہیں۔