صورتحال الارمنگ ہے، کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ناصر شاہ

June 02, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر شاہ کا کورونا وائرس سے متعلق کہنا ہے کہ صورتحال الارمنگ ہے، کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔

ناصر شاہ نے اپنے ایک بیان میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر 26 فروری سے ٹاسک فورس بنائی گئی تھی، اسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اسپتالوں میں ناخوش گوار واقعات پیش آرہے ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا ہے کہ سب کچھ بند نہیں کیا جاسکتا احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے، جب تک ویکسین نہیں آجاتی اس وائرس کے سا تھ رہنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سول اور جناح اسپتال کے واقعات کا نوٹس لیا ہے، کسی کو حق نہیں ہے کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کے سا تھ اس طرح کا رویہ رکھے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گھر سے بلا ضرورت نہ نکلیں، ماسک نہ ہو تو دوپٹے یا رومال سے منہ اور ناک کو ڈھانپ لیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 10 سال سے کم 1148 بچے کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، اسکول بند ہونے کی یہ صورتحال تشویش ناک ہے۔