بلجیم میں جمعہ سے مساجد میں باجماعت نمازیںہوں گی

June 03, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد) بلجیم میں 5 جون بروز جمعہ سے مساجد میں نمازبا جماعت کا آغاز ہوجائےگا ۔ تمام پبلک اجتماعات اور باجماعت نمازوں پر یہ پابندی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی غرض سے مارچ میںلگائی گئی تھی۔ باجماعت نمازوں کے آغاز کی یہ اطلاع پاکستانی کمیونٹی کی مولن بیک میں واقع مسجد پاکستان اسلامک سینٹر کی جانب سے دی گئی ہے تاہم اس اجازت کو کچھ احتیاطوں سے مشروط کیا گیا ہے۔ مسجد انتظامیہ نے عوام کیلئے جو حکومتی ہدایات مشتہر کی ہیں ان کے مطابق نمازی وضو گھر سے کرکے آئیں گے اور اپنی جاء نماز ساتھ لائیں گے جکہ مساجد میں صرف فرض نماز کی ادائیگی ہوگی اور نمازی سنتیں اور نوافل گھر میں ادا کریں گے ۔ مساجد میں ماسک لازمی پہننا ہوگا اور جماعت کے دوران ڈیڑھ میٹر کا حفاظتی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا ۔ بخار نزلہ کھانسی والے حضرات اور 55 سال سے زائد عمر کے افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ باجماعت نماز کیلئے مسجد میں تشریف نہ لائیں۔