ہزارہ ٹائون واقعہ افسوسناک ،ملزمان جلد گرفتار کیے جائیں ،بی این پی عوامی

June 03, 2020

کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے ترجمان نےہزارہ ٹائون واقعہ کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے کسی بھی مہذب سماج میں اس طرح کی حرکات کی کوئی گنجائش نہیں۔ بلوچستان کے مخصوص حالات تو بالکل بھی اسطرح کے واقعات کا مُتحمل نہیں ہو سکتے اسلام ہمیں محبت بھائی چارگی کا درس دیتا ہے لیکن اسطرح کے واقعات سے قوموں میں نفرت کی آگ بھڑکنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے عناصر جو تعصب کی بنیاد پر نفرت کی آگ بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں خواہ انکا تعلق کسی بھی قوم،مہذب یا مسلک سے ہو انکے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ اسطرح کے دلخرا ش واقعات کا سدباب ہو سکے اور سیاسی،مذہبی جماعتوں کے ساتھ تمام طبقہ فکر کے لوگوں کو نہ صرف اسکی مذمت کرنی چاہے بلکہ سماج میں ایسی سوچ کیخلاف کردارادا کرناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔