کورونا سے بچاؤ کیلئے برقی ماسک تیار

June 03, 2020

ترک سائنسدانوں نے کورونا سمیت مختلف اقسام کے وائرس کو مارنے والا برقی ماسک بنایا ہے جو ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 12 گھنٹے تک کام کرتا رہتا ہے۔

ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ان کا تیارکردہ ماسک وائرس، جراثیم اور نئے کورونا وائرس کو تلف کرسکتا ہے۔ اس طرح کورونا سمیت کئی طرح کے جراثیم اور وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں نے ماسک میں الٹراوائلٹ روشنی کا انتظام کیا ہے جو جراثیم مارنے میں مدد دیتی ہیں۔

سائنسدانوں کا کہناہے کہ الٹراوائلٹ روشنی کو جراثیم مارنے کیلئے براہ راست جلد پر استعمال نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس سے سرطان لاحق ہونے کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے۔

الٹراوائلٹ روشنی سے بچاوُ کیلئے سائنسدانوں نے چاندی کے اوراق لگائے ہیں جو کہ جراثیم مارنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔ یہ ماسک ایک برقی فلٹر کے طور پر کام کرتا ہے جو جراثیم کو جسم میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار ڈالتا ہے۔

اس ماسک کو پاور بینک کی مدد سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔