ورلڈکپ میں ایشیائی ٹیموں کا کوٹہ بڑھنا خوش آئند ہے، آصف باجوہ

June 03, 2020

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ایشیائی ٹیموں کا کوٹہ بڑھنا خوش آئند ہے۔

لاہور سے جاری بیان میںسیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ پہلےایشیا کپ کی صرف فاتح ٹیم ہی ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کےفیصلے کے بعد اب ایشیا کپ کی ٹاپ تین ٹیمیں ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی جو ایک اچھی چیز ہے۔

آصف باجوہ نے مزید کہا کہ اب پاکستان کا ورلڈکپ میں جگہ بنانے کا زیادہ چانس ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی سرگرمیاں جلد شروع ہونے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان کا ٹریک ریکارڈ کافی بہتر رہا ہے جہاں قومی ٹیم اب تک تین مرتبہ فاتح رہی ہے۔

اسی طرح قومی ہاکی ٹیم تین مرتبہ رنرز اپ اور اتنی ہی مرتبہ تیسری پوزیشن حاصل کر سکی ہے۔

قومی ٹیم صرف ایک مرتبہ 2007 میں بھارتی شہر چنئی میں ہونے والے ایشیا کپ میں پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی۔

پاکستان کے اس ٹریک ریکارڈ سے واضح ہے کہ قومی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن یا اس سے زائد حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے اور اگر یہی تسلسل برقرار رہے تو گرین مشینز ہر مرتبہ ورلڈکپ کھیلنے کی حقدار بن جائے گی۔