کار حادثے میں جاں بحق جنید حارث کوخراج عقیدت

June 04, 2020

ابریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) گزشتہ ہفتے کار کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 20 سالہ جنید حارث کو کمیونٹی کی جانب سے زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جائے حادثہ پر پھولوں کے گلدستوں کے ساتھ ساتھ اس کی زندگی کی خوشگوار یادوں کو شیئر کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش، جنید انتہائی خوش اخلاق اور ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے ساتھ تمام نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل تھا، جنید مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ باکسنگ کے کھیل کا بھی مداح تھا، جائے حادثہ پر جنید کے دوستوں نے پھولوں کے ساتھ باکسنگ کے دستانے بھی رکھے، جنید کی برطانیہ کےہیوی ویٹ ورلڈ باکسنگ چیمپئن ٹائسن فیوری سے ہونے والی ملاقاتوں کو تصاویر کی صورت میں شیئر کیا گیا، بریڈ فورڈ کالج جہاں سابقہ ​​سیموئیل لسٹر اکیڈمی میں داخلے کے بعد جنید نے انجینئرنگ میں ایکسیس کورس مکمل کیا، کالج کے دوستوں نے ایک دل چسپ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہم جنید حارث کی وفات پر بہت غمزدہ اور رنجیدہ ہیں، بحیثیت طالب علم آپ نے مستقبل میں قدم بقدم کامیابیوں کے سفر کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا تھا، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ آپ کے چاہنے والے اور خاندان جو صدمے سے دوچار ہوئے ان کی ہر طرح کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں، بریڈفورڈ کالج میں آپ کی خوشگوار یادوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سب سے خوبصورت چیز جو آپ کی مسکراہٹ تھی جو دوستوں میں بکھیری، بڑوں کا احترام کا سبق جو ہمیشہ آپ نے ہمیں دیا وہ ہمارے لیے ایک میراث ہے جس کو ہم قائم رکھیں گے ۔واضح رہے حادثہ 27 مئی کو ہاورتھ روڈ پر تین گاڑیوں کے درمیان پیش آیا تھا جس میں وہ اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ شدید زخمی ہوئے تھے بعد ازاں کچھ دن بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔