جگہ محدود ہے، عوام سامان عطیہ کرنے سے قبل کال کریں، آکسفام

June 04, 2020

لندن ( پی اے ) چیرٹی آکسفام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سامان عطیہ کرنے سے قبل کال کریں کیونکہ اس کی چیرٹی شاپس کے نیٹ ورک میں سٹوریج کی جگہ محدود ہوسکتی ہے۔ انگلینڈ میں آکسفام کے سٹورز 15 جون سے دوبارہ کھلنا شروع ہو جائیں گے۔ چیرٹی نے کہا کہ وہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتی کہ پہلے مرحلے میں کون سے اور کتنے سٹورز کھلیں گے تاہم اس کا کہنا ہے کہ حکومت کی کورونا وائرس گائیڈ لائن کے مطابق سماجی فاصلے کیلئے جگہ ہوگی جبکہ سٹاف اور والنٹیئرز کے پاس ضروری حفاظتی سامان موجود ہو گا۔ تمام سرفیس ڈورز اور ایکوئپمنٹس کو باقاعدگی سے صاف کیا جائے گا اور عطیہ کئے گئے آئٹمز کو 72 گھنٹوں کیلئے آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ آکسفام جی بی چیف ایگزیکٹو ڈینی سری سکندر جاہ نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ بہت سے افراد لاک ڈاؤن کی وجہ سے مصروف ہوگئے تھے اور اس کے نتیجے میں دیئے جانے والے عطیات وصول کرنے پر چیرٹی بہت پرجوش ہے۔ تاہم چیرٹی آکسفام نے یہ نشان دہی کی کہ عطیہ کی گئی اشیاء کو قرنطینہ کرنے کی ضرورت کی وجہ سے سٹوریج کی جگہ محدود ہو سکتی ہے۔ اس لئے لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ سامان عطیہ کرنے سے قبل کال کریں۔ کورونا وائرس پینڈامک کی وجہ سے آکسفام کی تمام شاپس 21 مارچ سے بند ہیں ۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اس اعلان کہ انگلینڈ میں غیر ضروری ریٹیلرز دوبارہ کاروبار کھول سکیں گے آکسفام اپنے سٹورز کو دوبارہ کھولنے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ سکاٹ لینڈ اینڈ ویلز میں آکسفام شاپس اس مرحلے میں بند رہیں گی کیونکہ ابھی تک وہاں ریٹیلرز کے دوبارہ کھلنے کی کوئی تاریخ ابھی تک طے نہیں ہوئی ہے ۔ آکسفام برطانیہ میں چیرٹی شاپس کا تیسرا بڑا نیٹ ورک ہے جس کی ملک بھر میں 595 ہائی سٹریٹ آئوٹ لٹس ہیں ۔ برٹش ہارٹ فائونڈیش اور برنارڈو سمیت دیگر چیریٹز بھی محدود شاپس میں اپنے آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر چکی ہیں ۔ آکسفام نے کہا کہ انگلینڈ میں اس کی تمام برانچز کو کھلنے میں وقت لگے گا کیونکہ وہ سائز اور ساخت میں مختلف ہیں ۔ چیرٹی نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انفرادی اور شاپس ٹو شاپس مکمل انتظامات کیے جائیں گے۔آکسفام جی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ہماری شاپس کمیونٹیز کا سب سے پسندیدہ حصہ ہیں اور اس مشکل وقت میں ہم اپنے سپورٹرز اور شاپرز کیساتھ دوبارہ رابطے کیلئے اپنے دروازے کھولنے کے سلسلے میں زیادہ انتظار نہیں کر سکتے۔ ہماری دکانوں کا عملہ اور والنٹیئرز یہ یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں کہ آکسفام سٹورز پر عوام کا حفاظت کے ساتھ استقبال کیا جا سکے ۔ چیرٹی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے والنٹیئرز سے اپیل کر رہی ہے کہ گرمیوں میں دکانوں پر کاروبار واپس شروع کرنے میں مدد کریں ۔ ہر دکان میں عام طور پر 30 مخلص اور پر جوش والنٹیئرز اور ایک یا دو ارکان پر مشتمل ٹیم ہوتی ہے جبکہ 20000 سے زائد والنٹیئرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ برطانیہ کی 11000 چیرٹی شاپس کار خیر کیلئے تقریبا 300 ملین پونڈ سالانہ جمع کرنے میں مدد دیتی ہیں اور ان کو چلانے والے افراد کو توقع ہے کہ جب وہ اپنے دروازے دوبارہ کھولیں گے تو عطیات کی بھرمار ہو گی۔ چیرٹی ریٹیل ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو رابن آوسٹرلی نے کہا کہ دکانوں کو بے تحاشہ عطیات کی توقع ہے۔