بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، یورپی ارکان پارلیمنٹ

June 04, 2020

لندن/برسلز (مرتضیٰ علی شاہ) یورپی ارکان پارلیمنٹ نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے 15 ارکان نے یورپی کمیشن کے صدر ارسلا وون ڈیر لیین اور نائب صدر جوزف بوریل کے نام خط میں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی سفاکیوں سے آگاہ کیا ہے۔ یورپی ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ یہ انتہائی افسوسنا ک بات ہے کہ بھارت جیسا ملک، جس نے ایک زیادہ ہم آہنگ اور جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں، معاشرے اور سیاست پر ہندو قوم پرستی کی بڑھتی ہوئی گرفت کی وجہ سے اس طرح کا رجحان اختیار کر رہا ہے۔ اس کھلے خط پر دستخط کرنے والوں میں فیبیو ماسیمو کاسٹالڈو، بیٹینا وولاتھ، ہیلمٹ شولز، ماریا ارینا، ڈینیلا رونڈینیلی، جیویر نارٹ، کارلس پوئج مونٹ ون کاساماجو، انٹونی کومن فرسٹ اولی ورز، کلیرا پونساٹی اوبلیوز اور بہت سے دیگر شامل ہیں۔